Saturday, May 21, 2022

میک اَپ برش کیسے صاف کیا جائے؟

 

Makeup Tips

میک اَپ کرنا ایک آرٹ ہے، جس طرح ایک مصور اپنے فن پارے کے لیے مختلف رنگوں کا اس مہارت سے استعمال کرتا ہے کہ تصویر بالکل اصل معلوم ہوتی ہے، اسی طرح میک اَپ کے لیے بھی رنگوں کا انتخاب اور پھر ان کا استعمال موقع کی مناسبت سے کرنا ضروری ہے۔

گزرے وقتوں میں میک اَپ صرف کاجل، سرمہ، دنداسہ اور پاؤڈر کو ہی سمجھا جاتا تھا

یا پھر خواتین گھر کی کچھ اشیا جیسے ملائی، لیموں، دودھ اور اسی قسم کی دیگر قدرتی اشیا کو اپنے حسن وآرائش کیلئے استعمال کرتی تھیں اور سب سے دلچسپ بات تو یہ کہ ان کو بغیر کسی دوسری چیز کی مدد سے انگلیوں اور ہاتھوں سے لگالیا جاتا تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جہاں میک اَپ کی دنیا میں انقلاب برپا ہوا، وہیں میک اَپ لگانے کے ٹولز کی بے شماراقسام بھی سامنے آئیں۔

صرف آنکھوں کے میک اَپ کے لیے ہی تین سے چار قسم کے برش استعمال ہوتے ہیں۔ اسی طرں بلش آن، لپ اسٹک، فاؤنڈیشن، پرائمر اور بیس وغیرہ کے لیے بھی ایک کے بجائے کئی قسم کے برش استعمال کیے جاتے ہیں۔ لیکن ایک اہم مسئلہ ان برشز اور اشیا کی صفائی کا ہے۔ گھرسے باہرنکلنے سے پہلے میک اَپ ٹچ لازمی ہوتا ہے اوروقت کی کمی کے سبب جلد بازی میں میک اَپ لگانے کے بعد برش کی صفائی رہ جاتی ہے۔ اس کی وجہ سے جِلدی بیکٹیریا، ڈیڈ سیل اور آئل برش میں افزائش پاتے ہیں اورفوراً جِلد پراس کے اثرات نظرآجاتے ہیں۔

میک اَپ برش میں پائے جانے والے بیکٹیریاپہلے دوہفتوں میں ہی تیزی سے افزائش پاتے ہیں۔یہ بیکٹیریا مساموں کے ذریعے جِلد میں داخل ہوکرداغ دھبوں اورایکنی کاسبب بنتے ہیں۔

میک اَپ برش کسی بھی خاتون کیلئے قیمتی ہتھیار کی مانند ہوتے ہیں، کیونکہ انہی کی مدد سے وہ میک اَپ کرکے اپنی خوبصورتی میںاضافہ کرتی ہیں، لیکن عام طور پر ہوتا کچھ یوں ہے کہ بیشتر خواتین اپنے میک اَپ سیٹ اور میک اَپ پراڈکٹس کو تو بہت سنبھال کر رکھتی ہیں مگر میک اَپ لگانے والے برشز کو لاپرواہی سے ایک جانب ڈال کر بھول جاتی ہیں اور ان کی صفائی ستھرائی پر دھیان نہیں دیتیں۔ جبکہ میک اَپ برشز کو جراثیم سے پاک رکھنے کیلئے ان کی باقاعدگی سے صفائی کرنا بہت ضروری ہے۔ اس طرح نہ صرف آپ کی جِلد بیماریوں سے محفوظ رہے گی، بلکہ میک اَپ برشز بھی کافی عرصے تک چلیں گے۔ جِلدی امراض کے ماہرین کی رائے کے مطابق میک اَپ برشز کی ہفتہ وار صفائی ضروری ہے لیکن اگر کسی ہفتہ آپ برش دھونا بھول جائیں یا آپ کا خیال ہے کہ جلدی جلدی دھونے سے آپ کے برش خراب ہو سکتے ہیں تو ہر پندرہ دن میں کم از کم ایک بار انہیں ضرور دھوئیں۔ آج کل مارکیٹ میں بہت سی اچھی کمپنیوں کے تیار کردہ میک اَپ برش کلینرز دستیاب ہیں، جو قدرے مہنگے تو ضرور ہیں مگر ان کی کارکردگی یقینا ًبہت اچھی ہے۔ تاہم اگر آپ یہ برش کلینر خریدنا نہیں چاہیں، تو گھر میں موجود صابن یا شیمپو سے بھی برش کو دھویا جا سکتا ہے۔ میک اَپ برش دھونا زیادہ مشکل کام نہیں، تاہم آپ کی سہولت اور رہنمائی کیلئے یہاں میک اَپ برش دھونے اور صاف کرنے کا طریقہ مختصراً بتایا جا رہا ہے، جس سے آپ کی معلومات میں کچھ نہ کچھ اضافہ ضرور ہوگا۔

یوں تو آپ منہ دھونے کے صابن یا عام شیمپو سے بھی میک اَپ برشز دھوسکتی ہیں لیکن بے بی شیمپو اس کام کیلئے بہترین ثابت ہوتا ہے۔ فیس پائوڈر اور بلش آن لگانے والے بڑے برشز کو ہمیشہ علیحدہ دھوئیں جبکہ لپ لائن یا آئی شیڈز لگانے والے چھوٹے برشز کو آپ ایک ساتھ بھی دھوسکتی ہیں۔ سب سے پہلے تیز دھار پانی سے برش کو دھوئیں، پھر ضرورت کے مطابق بے بی شیمپو اس پر لگائیں۔ اگر برش، میک اَپ میں زیادہ لتھڑا ہوا ہے تو شیمپو کے کئی قطرے اس پر ڈالنے ہونگے لیکن اگر یہ زیادہ خراب نہیں تو اس کی صفائی کیلئے ایک ہی قطرہ کافی رہے گا۔ اب شیمپو کو اچھی طرح برش کے اوپر ملیں، اس طرح جھاگ بن جائے گا۔ پھر برش کو دبا کر میک اَپ کے ذرات اس میں سے نکالیں۔ جھاگ کے ساتھ میک اَپ کی باقیات بھی باہر نکل جائیں گی، اگر برش بالکل صاف ہوگیا ہے تو اسے پانی سے اچھی طرح دھولیں۔ برش دھونے کے بعد اس کے ریشو ںکو دبا کر پانی نکالیں اور پھر اسے جھٹک کر کسی مناسب جگہ پر صاف تولیہ کے اوپر رکھ دیں۔ اگر آپ کو لگے کہ برش میں اب بھی خاصا پانی موجود ہے تو دوسرے تولیہ کی مدد سے یا اسی تولیہ کو فولڈکرکے برش کو تھپتھپائیں اور اسے اچھی طرح خشک ہونے کیلئے کسی ہوادار جگہ پر رکھ دیں۔ برش کو مکمل طور پر خشک ہونے سے پہلے کبھی استعمال نہ کریں اور نہ ہی اسے جلدی خشک کرنے کی خاطر ہیئر ڈرائیر استعمال کریں کیونکہ ان سے برش کے ریشے خراب ہو جاتے ہیں۔

برش کو سُکھانے کیلئے اسے تولیہ کے اوپر ہمیشہ سیدھا رکھیں۔ اگر آپ نے برش کو کسی چیز سے ٹکا کر کھڑا کیا ہے تو ایسا کرنے سے برش کے ہینڈل میں پانی جمع ہونے سے اس کے ریشے گل جائیں گے۔

برشز دھونے کیلئے رات کا وقت بہترین ہے کیونکہ رات بھر میں برشز اچھی طرح خشک ہوجائیں گے اور آپ صبح انہیں استعمال کرسکیں گی۔ اس بات کا خیال بھی رکھیں کہ برش دھونے کیلئے آپ جو پانی استعمال کریں وہ بالکل صاف ستھرا ہو۔ اگر پانی کے شفاف ہونے پر آپ کو شبہ ہو تو برش دھونے کے بعد آخر میں اس کے اوپر تھوڑا سا پینے کا صاف پانی بہالیں۔


No comments:

Post a Comment